برصغیر کی تقسیم کے بچھڑنے والے دو بھائیوں کی کرتارپور بارڈر پر ملاقات کرائی گئی ہے۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے صدیق اپنے بڑے بھائی حبیب عرف شیلا سے ملنے کرتارپور پہنچے، شیلا کا تعلق بھارتی پنجاب کے علاقے پھلے والا سے ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدیق اور حبیب ملاقات کے وقت گلے ملتے ہوئے خوشی کے آنسووں سے رونے لگتے ہیں، جس پر بھارت سے تعلق رکھنے والے بڑے بھائی حبیب چھوٹے بھائی صدیق کو کہتے ہیں کہ زندگی تھی تو مل ہی گئے ہیں، اب انشاء اللہ ملتے رہیں گے، کرتارپور راہداری ہمارے ملنے کا ذریعہ بنی ہے، زندگی رہی تو ملتے رہیں گے۔
دونوں بھائیوں نے کہا کہ یہ راہداری بچھڑے ہوئے لوگوں کو ملانے کا ذریعہ ہے، یہ سلسلہ قائم رہنا چاہیے۔ موقع پر موجود بھارتی اور پاکستانی شہریوں نے کرتارپور راہداری کھولنے پر حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ نومبر 2021ء کو بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات پر بھی قیام پاکستان کے وقت بچھڑے 2 دوستوں کی ملاقات ہوئی تھی۔