پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ 3 ماہ میں محکمہ صحت میں مزید 10ہزار نوکریاں دیں گے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی کاوشوں کے باعث تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام خاندانوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 70 ہزار خاندان صحت کارڈ کے ذریعے آنکھوں کا علاج کراچکے ہیں، جبکہ صحت کارڈ کے ذریعے نجی اسپتالوں میں 50 ہزار بستروں میں اضافہ ہوا ہے۔وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ماضی کی کسی حکومت نے عوام کی بہتری کا نہیں سوچا، پنجاب کے عوام کیلئے ساڑھے 3 ارب روپے کی ویکسین خریدی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات کی منظوری دیدی ہے کہ پنجاب بھر میں تقریباً ایک لاکھ سرکاری آسامیوں پر فوری بھرتی شروع کی جائے گی۔ یہ نوکریاں عوام کیلئے ہیں۔ یہ ان اسامیوں پر ہیں جو خالی پڑی تھیں۔