سعودی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے افراد کو 17 اکتوبر 2021ءسے مسجدالحرام اور مسجدنبوی میں داخلے کی اجازت ہوگی اوریہ دونوں مساجد مکمل گنجائش کے ساتھ کھولی جائیں گی، اس کے ساتھ ملک بھر میں دیگر پابندیوں پربھی نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
#SaudiArabia to ease coronavirus-related restrictions on Sunday https://t.co/IO1r75sIh8
— Saudi Gazette (@Saudi_Gazette) October 15, 2021
اعلان کے مطابق دونوں مساجد تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصے کے بعد مکمل طور پر کھلیں گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق خادمین حرمین شریفین کی منظوری کے بعد سعودی وزارت داخلہ نےاس کا اعلان کردیا ہے۔
ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے والے افراد کو مکہ اور مدینہ میں مقدس مقامات میں آنے کی اجازت دی جائے گی لیکن فی الحال ماسک پہننا لازمی ہو گا۔
یاد رہے کہ مارچ 2020ء میں سعودی حکومت نے کورونا پابندیوں کے تحت ابتدائی طور پر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی نمازعشاء کے ایک گھنٹے بعد سے نمازفجر سے ایک گھنٹہ قبل تک روزانہ بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ کورونا پابندیوں کے تحت 40 سال میں پہلی مرتبہ عمرے کو روک دیا گیا تھا، حج محدود کر دیا گیا تھا،سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں تمام مساجد نماز کیلئے مکمل طور پر بند کردی گئی تھیں، جبکہ 2020ء میں مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کی اجازت بھی نہیں دی گئی تھی۔ اس کے بعد سعودی حکومت نے 30 مئی 2020ء سے کورونا پابندیاں مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔