کراچی میں پولیس نے نیمیئر تھانے کے قریب ایک مکان میں بڑی تعداد میں زیرِ زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
کراچی اولڈ سٹی ایریا میں ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے پرانے اسلحے اور گولہ بارود کی اطلاع پر بڑا آپریشن کیا ہے۔ بڑی تعداد میں زیرِ زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد اسلحہ انتہائی جدید ہے، اسلحے میں مشین گن، اینٹی ائیرکرافٹ گن ، اینٹی ٹینک مائنز اور دیگر اسحلہ شامل ہے۔
کراچی اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیپئر میں جس مکان سے کھدائی کے دوران زیر زمین مدفون بھاری اسلحہ ملا ہے وہ آبادی بھیم پورہ کہلاتی ہے اور لیاری سے جڑا ہوا یہ علاقہ ماضی میں گینگ وار سے مقابلہ کرنے والے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مسلح ونگ کے زیر اثر رہا ہے۔ یہ پراپرٹی سندھ کے ایک سابقہ گورنر کے خاندان کے ٹرسٹ کی ملکیت ہے۔ذرائع کے مطابق یہ علاقہ متحدہ قومی موومنٹ کے غلبے کے دور میں کئی سال تک نورا بنگالی نامی سرغنہ کے کنٹرول میں تھا۔ذرائع کے مطابق برآمد کیا گیا اسلحہ کبھی بھی شہری علاقوں میں استعمال نہیں کیا گیا، یہاں تک کہ کراچی میں رینجرز اور پولیس بھی یہ اسلحہ نہیں رکھتی، اس طرح کا اسلحہ مختلف قسم کی ایکشن فلموں یا جنگوں کے دوران دیکھا جاتا ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ مکان کی بالائی منزل پر کوئی فیملی رہتی ہے جبکہ گراؤنڈ فلور کو برتنوں کا گودام بنایا گیا تھا، خدائی کے دوران دس بارہ سال قبل دفن کیا گیا اسلحہ اور اسلحہ کے پارٹس ملے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی کسی گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نہیں بلکہ ذاتی طور پر ملنے والی اطلاعات پر کی ہے ۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں برآمد ہونے والے اسلحے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔