70 سال کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، ہم نے یوٹیلٹی سٹورز پر 124 ارب کی سبسڈی دی، فرخ حبیب

15  اکتوبر‬‮  2021

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر ایک سال میں 124 ارب روپے کی سبسڈی دی، گھی کو سستا کرنے کیلئے ٹیکسز کم کر رہے ہیں، گزشتہ حکومت بجلی کے مہنگے معاہدے کر کے گئی جس کی سزا بھگت رہے ہیں، ملک میں 70 سال کی گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں اور غلط فیصلوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، جو عوام کو بھی برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، کورونا وباء کے باعث پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی ہے۔

عالمی سطح پر مہنگائی میں 40 فیصد اضافہ ہوا

جمعے کے روزنجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا  کہ کورونا وباء کی وجہ سے عالمی سطح پر گزشتہ 40 سال کی ریکارڈ مہنگائی ہوئی ہے، ہم ملک میں خوردنی تیل درآمد کرتے ہیں، خوردنی تیل کی قیمت 500 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 1200 ڈالر فی ٹن ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب دنیا میں کورونا وائرس کی وبا ءشروع ہوئی تھی اس وقت عالمی کروڈ مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں 35 ڈالر فی بیرل تک تھیں جبکہ آج پٹرول کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہیں، ایل این جی کی قیمتیں دنیا بھر میں قابو میں نہیں آ رہیں، روزانہ کی بنیاد پر اس کا نیا ریٹ آ رہا ہے، کوئلہ کے ریٹ میں 200 گنا اضافہ ہو چکا ہے، دنیا بھر میں تقریباً ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کیلئے راشن کارڈ لے کر آ رہے ہیں

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز پر ایک سال میں تاریخی ریکارڈ 24 ارب روپے سبسڈی دی، آئندہ ماہ سے ہم ملک کے 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کے لئے احساس راشن کارڈز لے کر آ رہے ہیں جس کے ذریعے آٹا، چاول، دالیں، گھی وغیرہ پر سبسڈی فراہم کریں گے۔ ہم گھی کو سستا کرنے کے لئے ٹیکسز کو کم کر رہے ہیں، گھی ملز مالکان کے ساتھ اس حوالے سے ہماری بات ہو رہی ہے۔

گذشتہ حکومت ملک کو تباہی کے دہانےپر چھوڑ گئی تھی

سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر چھوڑ کر گئی تھی، آج ایف بی آر اور ٹیکس کے اشاریے بہتر ہیں، تعمیراتی شعبہ بہت زبردست طریقے سے کام کر رہا ہے، اس کے علاوہ ٹیکسٹائل کے شعبہ میں اس وقت ریکارڈ برآمدات ہو رہی ہیں، آج ملک میں کاٹن کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، چاول کی بھی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔

سابقہ حکومت  کے معاہدوں کی بدولت بجلی استعمال کریں یا نہ کریں کیپسٹی پیمنٹ دینا ہو گی

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے بجلی کے مہنگے معاہدے کئے، بجلی استعمال کی جائے یا نہ کی جائے لیکن کیپسٹی پیمنٹ ادا کرنی پڑے گی، مسلم لیگ (ن) کے مہنگے معاہدوں کے باعث 2030ء تک 2500 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹ ادا کرنا پڑے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved