پارٹی کے خلاف بیان بازی، پی ٹی آئی قیادت کا نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

17  جنوری‬‮  2022

پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے اپنے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو پارٹی پر بے جا تنقید کرنے کے باعث شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر پرویز خٹک نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کریں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے ایم این نور عالم خان نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا پاکستان میں صرف سوات، صوابی، نوشہرہ اور میانوالی ہی چار ضلعے ہیں، سارے فنڈز یہیں لگیں گے تو ہم کہاں جائیں، پشاور والوں کو بھی گیس نہیں مل رہی، وہ کہاں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اور لینڈ کروزر سے نیچے اتریں، مہنگائی سے ستائی عوام کو دیکھیں، سارے مسائل اگلی تین قطاروں میں بیٹھے افراد کی وجہ ہیں، ان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیں، تحقیقات کریں، مسئلہ حل ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں ضمنی مالیاتی بل کی منظوری سے قبل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی نور عالم خان نے حکومتی وزراء کو کافی تنقید کا سامنا بنا یا تھا۔

شوکاز نوٹس کی خبروں پر ردعمل میں نور عالم خان کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر مہنگائی پر بات کرنا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے تو میں 100 بار کروں گا۔  دوسری جانب ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں نور عالم خان نے کہا کہ میرے لئے پارٹی کی بجائے پاکستان پہلی ترجیح ہے، اگلی تین قطاروں میں بیٹھے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بیان پر قائم ہوں، سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved