وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سکول کے طلباء کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرتعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولز کے ساتھ نجی سکولز بھی یونیفارم میں ترمیم کریں، اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو طلبا ء کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مراد راس کا کہناتھا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلی بار پرائمری طلباء کو ناظرہ جبکہ چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے طلبا و طالبات کو ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کا ایکٹ پاس کیا ہے، اب پنجاب کے تعلیمی اداروں میں قرآن پاک لازمی پڑھانے پر عملدرآمد ہوگا۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ 2021 میں قرآن مجید کی تعلیم لازمی قرار دینے کا ایکٹ پاس کیا گیا. اس پر اب عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے.
صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن مراد راس کی پریس کانفرنس pic.twitter.com/XiEqSVmxLq
— Murad Raas Updates (@MRaasUpdates) January 17, 2022
ان کا کہنا تھاکہ پنجاب کے اسکولوں میں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، جو جلد پر کر لی جائیں گی۔
کورونا کی صورتحال کے پیش نظر سکول بند کرنے کی قیاس آرائیوں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھاکہ کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جب تک دیگر محکمے بند نہیں ہوں گے، تب تک تعلیمی ادارے بھی کھلے رہیں گے۔