وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں نوجوانوں کی تعلیم کو ملک کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے جبکہ ہمارے ملک میں دی جانے والی تعلیم کا ملک کی موجودہ ضروریات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ہری پور – (اے پی پی و دیگر): ہری پور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ زبردست منصوبہ ہے جو پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت نے پرویز خٹک کی وزارت اعلیٰ کے دور میں شروع کیا تھا، یہ ڈاکٹر عطاء الرحمن کا منصوبہ تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل ٹیکنالوجی کا ہے، سپیشل ٹیکنالوجی زون پورا ایکو سسٹم ہے، اس کے ہمارے معاشرہ پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اس لئے ہم تعلیم میں جتنی زیادہ سرمایہ کاری کریں گے اتنا ہی ہمارے ملک کیلئے فائدہ مند ہے، تعلیمی اداروں میں نوجوان جو کچھ پڑھ کر آتے ہیں وہ مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ نہیں، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے کیونکہ ہمیں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
“آنے والا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے،”
وزیرِ اعظم عمران خان کا ہری پور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے افتتاح کی تقریب سے خطاب۔ pic.twitter.com/Gkz4d6IaJ6
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) January 17, 2022
وزیراعظم نے کہا کہ ملک تعلیمی اداروں اور تعلیم کے اعلیٰ معیار سے بنتے ہیں، یونیورسٹیوں سے ملک کے مختلف شعبوں کیلئے قیادت میسر آتی ہے، یورپ نے اپنے بہترین تعلیمی اداروں کی وجہ سے ترقی کی، ماضی کی حکومتوں نے تعلیم کے شعبہ میں کام نہیں کیا، تین طرح کا نظام تعلیم چلتا رہا، قوم ایک نظریہ سے وجود میں آتی ہے، ہم نے پانچویں تک یکساں نصاب متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، اس میں مزید اضافہ کی توقع ہے، اس شعبہ میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دینے سے برآمدات بھی بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع بھی۔ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی حکومت کو اس منصوبہ پر مبارکباد دی۔
“جتنے معیاری تعلیمی ادارے ہوں گے اتنے ہی زیادہ قابل لوگ معاشرے کو ملیں گے،”
وزیرِ اعظم عمران خان کا ہری پور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے افتتاح کی تقریب سے خطاب۔ pic.twitter.com/Xv47Ib9nNu
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) January 17, 2022
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دے کر برآمدات بھی بڑھائی جا سکتی ہیں اور روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جا سکتے ہیں، آنے والا دور ٹیکنالوجی کا ہے، تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے پرویز خٹک کے دور میں زبردست کام کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوئے ہیں، جیسے جیسے ریونیو بڑھے گا تعلیم اور صحت کے شعبہ میں مزید خرچ کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، صوبائی وزیر عاطف خان، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سپیشل ٹیکنالوجی زون کا سنگ بنیاد رکھا۔
قومی صحت کارڈ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کا اجراء بھی کیا تھا، وسائل نہ ہونے کے باوجود تمام شہریوں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی بہت بڑا قدم ہے، ہماری صوبائی حکومت نے مقامی حکومتوں کے نظام، ماحولیات اور سیاحت پر بھی بھرپور توجہ دی۔
"پہلی مرتبہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اقدامات کئے گئے ہیں،"
وزیرِ اعظم عمران خان کا ہری پور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے افتتاح کی تقریب سے خطاب۔ pic.twitter.com/7hOamcX4w8
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) January 17, 2022
وزیراعظم عمران کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک نے بطور وزیراعلیٰ زبردست کام کئے، ہماری حکومت میں خیبر پختونخوا پہلا صوبہ تھا جہاں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں، ہماری حکومت سے پہلے ملک میں صرف درخت کاٹے جاتے تھے لگائے نہیں جاتے تھے۔