ویڈیو، کیڑوں کا بڑے شہر پر دھاوا، بڑی شاہراہوں اور عمارتوں پر قبضہ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے

17  جنوری‬‮  2022

ارجنٹائن کے سانتا ازابیل شہر میں بیٹلز کے حملے نے سرکاری عمارتوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا تے ہوئے شہر بھر کی آبادی کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹائن کے وسطی صوبے لاپمپا کے تقریباً 2500 ایکڑ پر پھیلے قصبے کو  ایک ہفتے سے کیڑوں کے جھنڈ نے مسائل سے دوچار کر رکھا ہے، ڈپٹی میئر کرسٹیان ایچی گرے نے میڈیا کو بتایا کہ یہ بیٹلز ہر جگہ موجود ہیں، دکانوں، گھروں اور سڑکوں سمیت دیگر بڑی عمارتوں  پر بھی ان کا قبضہ ہے۔

سانتاازابیل پولیس کا کہنا ہے کہ کیڑوں نے تھانے، رہائشی عمارتوں، گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ سپلائی کی نالیوں کو بھی جام کر رکھا ہے۔

حکومت نے ان کیڑوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیڑے کاٹتے یا ڈنک نہیں مارتے، لیکن وہ ایک مضبوط خول سے محفوظ رہتے ہیں اور اڑتے وقت چیزوں کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہیں، اس لیے مقامی آبادی کو چوٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے گھر سے باہر  اپنا چہرہ ڈھانپنے کی ہدایت کی ہے۔

مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ ہفتے بھر کے انتظار اور لوگوں کے گھروں میں محصور ہونے کے باعث اب ان کیڑوں کو یہاں سے نکالنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں، جس کے تحت اسٹریٹ لائٹس دیگر بڑی عمارتوں کی لائٹس کو بند کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ مقامی حکومت کا کہنا تھا کہ ان کیڑوں کو شہر سے نکالنے کیلئے دیگر وسائل بھی بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو اس تکلیف سے نکالا جا سکے۔

ماہرین کی جانب سے ان کیڑوں کے بڑے پیمانے پر شہر میں داخلے کی وجہ غیرمعمولی طور پر ہونے والی شدید بارشوں اور ہیٹ ویو کو قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ شہر کا درجہ حرارت  40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ مزید بتایا کہ بارشوں اور شدید گرمی کے سبب کیڑوں کی افزائش ہوئی اورانہوں نے زیر زمین نشوونما پائی، اور درجہ حرارت بڑھتے ہی یہ باہر آ گئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved