وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس عمر عطابندیال سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری کو عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ جسٹس عمرعطابندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی سے عدلیہ کیلئے ایک انتہائی اہم دور کا آغاز ہوگیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نئے چیف جسٹس کی عدالتوں میں کوالٹی ججز تعیناتی سے نظام انصاف بدل سکتے ہیں۔جسٹس عمر عطا بندیال کو سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس تعینات کردیا گیا ہے، جسٹس عطابندیال 2 فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھائیں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کے ساتھ ہی عدلیہ کیلئے ایک انتہائ اہم دورکاآغاز ہو گیا ہے اس سال سپریم کورٹ میں پانچ اور ہائیکورٹ میں کئ درجن ججز کی تعیناتی ہونی ہے نئے چیف جسٹس پاکستان کی عدالتوں میں کوالٹی ججز کی تعیناتی سے نظام انصاف بدل سکتے ہیں۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 18, 2022
خیال رہے سپریم کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال مقرر ہے، چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کا عہدہ تفویض کیا جاتا ہے ، جسٹس عمر عطا بندیال سپریم کورٹ سینئر ترین جج ہیں۔جسٹس بندیال 18 ستمبر 2023 کو ریٹائر ہونے تک چیف جسٹس کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔