وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری فواد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا اصلاحات پر فوکس نہیں، ہم انتخابی اصلاحات، چیئرمین نیب کی تقرری اور جوڈیشری ریفارمز جیسے بڑے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اصلاحات سے زیادہ اپوزیشن کی خواہش حکومت گرانے کی رہی، پہلے روز سے وہ اسی کوشش میں لگے رہے اور چار سال گزار دئیے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو ملک میں اومی کرون کے پھیلا ؤ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ موجودہ کیسز کی تعداد بڑھ کر پانچ ہزار یومیہ، ہاسپٹلائزیشن ریٹ 2.5 گنا اور آئی سی یو ریٹ میں 30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اومی کرون سے بچا ؤکیلئے ایس او پیز، ماسک کے استعمال اور ویکسینیشن مکمل کرنے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا تاہم کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرے گی جس سے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اسپشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام اور کامیابی سے روزگار کی فراہمی اور ملکی آئی ٹی بر آمدات میں اضافہ ہوگا۔ حکومت ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی کیلئے بڑے منصوبوں میں خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔
امریکہ برطانیہ کے سینٹرل بینک پاکستان سے زیادہ خودمختار ہیں
فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ میں اسٹیٹ بنک ترمیمی بل کے حوالے سے گفتگو ہوئی، اسٹیٹ بنک ترمیمی بل معیشت کی بہتری اور اسٹرکچرل ریفارمز کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ امریکہ اور برطانیہ کے سنٹرل بنک پاکستان سے زیادہ طاقتور ہیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ بورڈ آف گورنرز اسٹیٹ بنک تمام اہم فیصلے کرے گا اور بورڈ کے ممبران حکومت پاکستان نامزد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بل اب سینیٹ میں آیا ہے، اسے ہم جلد از جلد منظور کروا لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حکومتوں میں بھی اسٹیٹ بنک کی خود مختاری کیلئے ترامیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ کابینہ کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ بنک ترمیمی بل کے حوالے سے فیصلہ سازی میں قومی سلامتی اور معاشی بحالی کے تمام پہلوؤں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔اس حوالے سے عوام میں آگاہی اجاگر کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اس سال بھی گندم کی بمپر پیداوار ہو گی
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے یوریا کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ رواں سال ملک میں یوریا کی پیداوار پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر رہی۔ یوریا کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ پانچ لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر گندم کی کاشت ہوئی، عالمی سطح پر کھاد کی قیمت پاکستان سے چھ گنا زیادہ ہے، جب عالمی منڈی میں اتنا بڑا فرق ہو تو اس میں کھاد کے غلط استعمال کا عنصر بھی درپیش رہتا ہے۔ اس وقت کھاد کی مارکیٹ پر دباؤ ہے، پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں کھاد میسر ہے، کسانوں کو بھی دستیاب ہے انشاءاللہ اس مرتبہ گندم کی بھی بمپر پیداوار ہوگی۔
پاکستان میں یوریا کی پیدوار تاریخ کی بلند ترین سطح پرہے۔ اس سال 5لاکھ ایکڑ سےزائد زمین پر گندم اضافی کاشت کی گئی جبکہ عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت پاکستان کے مقابلہ میں 6 گنا زیادہ ہےجسکے باعث کھاد پر دباؤ رہا لیکن ان شاء اللہ اس سال پھرگندم کی بمپر پیداوار ہوگی۔ @fawadchaudhry pic.twitter.com/5Emm2rgwmG
— PTI (@PTIofficial) January 18, 2022
یہ پہلا سال ہو گا جس میں گردشی قرضے کم ہوئے
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ میں بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری کے لئے اقدامات پر بھی غور ہوا۔ کابینہ کو بجلی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی اور لاسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے بجلی چوری کرنے والوں اور محکموں میں موجود ان کی معاونت کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں یہ پہلا سال ہوگا جب ہمارے سرکلر ڈیٹ میں نمایاں کمی آنا شروع ہوئی ہے۔ اس سے پہلے سرکلر ڈیٹ کے بڑھنے میں کمی آ رہی تھی، اس سال سرکلر ڈیٹ میں کمی آئے گی۔
وزیراعظم نے تمام بڑے شہروں کے ماسٹر پلان جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ میں پاکستان کے بڑے شہروں میں گرین ایریاز کے تحفظ، قبضہ مافیہ سے زمینوں کو واگذار کرانے اور درختوں کی تعداد بڑھانے کیلئے حکومت کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 2018ءتک گرین ایریاز اور درختوں کی تعداد میں واضح کمی ہوئی۔ 2018ءکے بعد حکومتی اقدامات کی وجہ سے اسلام آباد میں نہ صرف درختوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، گرین ایریاز کو بحال کیا گیا بلکہ قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام بڑے شہروں کا ماسٹر پلان جلد مکمل کرکے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور شہری آبادیوں میں گرین ایریاز اور درختوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
حکومت نیول گالف کلب پر عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی پابند ہے
فواد چوہدری نے بتایا کہ چوبیس سالوں میں پہلی مرتبہ نیپرا کی رپورٹس بروقت تیار ہوئیں۔ ہمارے پاس کل انسٹالڈ کپیسٹی 39 ہزار 772 میگاواٹ ہے، اس کے سرکلر ڈیٹ میں اس سال پہلی مرتبہ کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیول گالف کورس پر جب تک عدالتی فیصلہ معطل نہیں ہوتا اس وقت تک حکومت عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی پابند ہے۔
اپوزیشن قیادت کا اصلاحات پر فوکس نہیں
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب کا قانون اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے، ہم اپوزیشن کے ساتھ بڑے امور پر مل کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات، چیئرمین نیب کی تقرری اور جوڈیشری ریفارمز پر اپوزیشن کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں لیکن اپوزیشن کی لیڈر شپ کا فوکس اس پر نہیں ہے،ان کی ہماری حکومت کے پہلے سال سے ہی یہی خواہش رہی کہ ہم چھ مہینے بعد حکومت گرا لیں گے اور اسی چکر میں انہوں نے چار سال گزار دئیے، وہ آئندہ بھی اسی طرح چلتے رہیں گے۔
میڈیا اداروں کی آمدن کے اعداد و شمار غلط ہیں تو وہ اپنے اکاؤنٹس اوپن کر دیں
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے لئے پورا قانون لانے کی کوشش کی لیکن اس پر کئی لوگوں نے احتجاج کیا، اخبارات کے فرنٹ پیجز پر اس کے خلاف لکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اداروں کی آمدن کے اعداد و شمار غلط ہیں تو وہ اپنے اکاؤنٹس اوپن کر دیں تاکہ میڈیا ورکرز بھی دیکھ سکیں کہ ان کے ادارے کی آمدن اور اخراجات کیا ہیں۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے باتوں پر اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں۔