ٹھٹھہ میں کیٹی بندر کے قریب حجامڑو کریک میں 3 کشتیاں تیز ہواؤں کے باعث الٹ گئیں۔
ٹھٹھہ کے قریب کیٹی بندر کے کھلے سمندر میں 3 کشتیاں ڈوب گئیں جس میں موجود 38 ماہی گیر ڈوب گئے۔ ترجمان پاکستان فشر فوک فورم کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث سمندر میں طغیانی رہی، دو کشتیاں الصدیق اور البحریہ ابراہیم حیدری کراچی سے روانہ ہوئی تھیں، ان سمیت 3 کشتیاں ڈوب گئیں، 25 ماہی گیروں کو میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ریسکیو کرلیا جب کہ 18 ماہی گیر لاپتا ہیں۔
دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے 4 ماہی گیروں نے لکڑی کے ٹکڑے پر تیر کر اپنی جان بچالی ہے، جب کہ 14 ماہی گیر تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں لہریں سوا سے ڈھائی میٹر بلند ہو رہی ہیں، کبھی کبھی سمندر میں لہریں 6 میٹر تک بھی بلند ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ماہی گیر آج رات تک سمندر میں جاتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
خیال رہے کہ کراچی میں تیز گرد آلود ہوائیں آج شام تک چلنے کا امکان ہے، ہوائیں چلنے کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوائیں 40 سے45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل سکتی ہیں،اور ہواؤں کےجھکڑ کی رفتار کبھی 50 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی ہوسکتی ہے۔