یمن جیل پر عرب اتحاد کا فضائی حملہ، 100 سے زائد ہلاک، اقوام متحدہ کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ

22  جنوری‬‮  2022

اقوام متحدہ نے یمن کے علاقے صعدہ میں قائم جیل پر ہونے والے فضائی حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں صعدہ کے شمالی مرکز میں واقع جیل پر حملے کے مناظر دکھائے گئے ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد جیل کی مکمل عمارت زمین بوس ہو گئی، جس کے ملبے میں دبی مسخ شدہ لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یمن کے شہر حدیدہ میں اتحادی فورسز کی بمباری کے باعث ملک میں انٹرنیٹ تک رسائی کو کنٹرول کرنے والی سرکاری کمپنی ٹیلی یمن بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے بعد ملک میں انٹرنیٹ سروسز معطل ہو گئی ہیں۔

یمن کے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی این جی اوز کا کہنا ہے کہ صعدہ کی جیل میں فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صعدہ میں صحت کی بنیادی سہولتوں کیلئے کام کرنے والی این جی او ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جیل پر حملے کے بعد صرف ایک ہسپتال میں 200 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا، رپورٹ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ متحدہ عرب امارات پر مشتبہ ڈرون حملے اور سعودی شہروں پر بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد عرب اتحادی فورسز نے یمن کے حوثیوں پر حملوں میں اضافہ کیا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved