پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی کوششوں میں تیزی لائے اور مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کرے تاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکا جا سکے اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کو روکا جا سکے۔
اقوام متحدہ – (اے پی پی): کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سربراہ کی تنظیم کے کام سے متعلق رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو بتایا کہ اقوام متحدہ کو امن و سلامتی کاموں کا مرکز رہنا چاہیے، پاکستانی سفیر نے اپنی تقریر میں کہا ہم سلامتی کونسل اور سیکریٹری جنرل پر زور دیتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے جلد اور پرامن حل کو فروغ دینے اور کشمیری عوام کے خلاف بھارتی دہشت گردی کے راج کو ختم کرنے کے لیے اپنے اختیارات کا خاطر خواہ اختیار استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سلامتی کونسل کچھ نہیں کر رہی تو سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے چارٹر کی طرف سے فراہم کردہ اختیار کو مکمل طور پر استعمال کرتے ہوئے جنرل اسمبلی میں کارروائی کر کے امن اور سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں بنیادی خطرہ جموں و کشمیر کے تنازع سے لاحق ہے اور بھارت کی طرف سے مسلم اکثریتی جموں وکشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے جس میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
منیر اکرم نے جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے وسیع غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی اور کونسل اور سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کے جلد اور پرامن حل کیلئے کوششوں کا آغاز کریں۔
اقوام متحدہ کا ردعمل
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت ملازمت کا آغاز کرتے ہوئے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں عالمی ادارے کے مذکورہ موقف کی توثیق کی۔
انتونیو گرتریس نے ایک پاکستانی صحافی کے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ تنازع کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کا وہی موقف ہے جو پہلے تھا اور جو قراردادیں لائی گئی تھیں ان کی حیثیت بھی برقرار ہے۔ سیکرٹری جنرل نے نشاندہی کی کہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ تعینات ہیں جو متنازعہ علاقے میں لائن آف کنٹرول کی نگرانی کا کا م کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کئی بار تنازع کو حل کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش کی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ وہ چیز ہے جسے پرامن طریقے سے آگے بڑھا جاسکتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے لیکن بھارت نے ہمیشہ اسے مسترد کیا۔