روس کی یوکرائن کی سرحد پر جنگی مشقیں، امریکہ نے فوج کو تعیناتی کیلئے ہائی الرٹ کر دیا

25  جنوری‬‮  2022

امریکی حکومت نے روس اور یوکرائن کے مابین کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر فوج کو تعیناتی کیلئے ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

(فرانس 24، اے پی پی و دیگر):عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی افواج نے بڑے ہتھیاروں کے ساتھ یوکرائن کی سرحد پر جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں، جس میں بڑی تعداد میں روسی فوجی ٹینکوں اور میزائل لانچرز سمیت دیگر بڑے اسلحے کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔

روس کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد افواج کی حربی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہے، اور یہ مشقیں 29 جنوری تک جاری رہیں گی۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر کشیدگی میں اضافے کے دوران امریکا کے تقریباً ساڑھے 8 ہزار فوجیوں کو تعیناتی کیلئے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ دفاع کے پریس سیکرٹری جان کربی نے ایک بیان میں کہا کہ فوج کی تعیناتی کہاں کی جائے گی اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ،یہ صرف اس وقت ہو گا جب مغربی دفاعی اتحادنیٹو ریپڈ ری ایکشن فورس کو فعال کرنے کا فیصلہ کرے گا یایا اگر روسی فوجیوں کی تعیناتی کے ارد گرد دیگر حالات پیدا ہو جائیں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے خلاف روس کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر یور پی کمیشن، یورپی کونسل، نیٹو، فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ اور برطانیہ کے رہنماؤں کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی۔وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں رہنماؤں نے یوکرین کے خلاف روسی حملے کو روکنے کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جس میں روس پر انتہائی سخت اقتصادی پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ نیٹو کے مشرق کی جانب سکیورٹی کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ روس نے امریکہ اور نیٹو ممالک کے ساتھ مذاکرات کے آغاز پر گزشتہ مہینے سرحد سے 10 ہزار فوجیوں کو واپس بلا لیا تھا، اور جنگی مشقیں بھی ختم کر دی تھیں، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق مذاکرات کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آ سکے، اور روس نے ایک بار پھر جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ اور برطانیہ نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کا  یوکرائن سے مرحلہ وار انخلا شروع کر دیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved