متحدہ عرب امارات کا امریکی تعاون سے حوثی باغیوں کا ابو ظہبی پر دوسرا میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ، ویڈیو جاری

25  جنوری‬‮  2022

اماراتی حکام نے امریکی تعاون سے حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اور حملے کو ناکام بنانے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے۔

واشنگٹن میں اماراتی سفیر یوسف العتیبہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی پر حوثیوں کے دوسرے میزائل حملے کو امریکی  تعاون سے ناکام بنا دیا ہے، رواں ہفتے حوثی باغیوں کا ابوظہبی پر یہ دوسرا فضائی حملہ تھا، جو ایک روز قبل کیا گیا۔

اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ ابوظہبی کے اہم مقام کو نشانہ بنانے کیلئے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل کو روک کر انہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے ٹوئٹر پر آپریشن کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کردیا ہے، جبکہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔

اماراتی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا اگلا قدم حوثی باغیوں کو حامیوں کی طرف سے مہیا کئے جانے والے مالی وسائل اور ہتھیاروں کی فراہمی کو روکنا ہے، انہوں نے امریکہ سے ایک بار پھر اپیل کی کہ حوثیوں کو دوبارہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے اب واشنگٹن کو آگے بڑھنا چاہیے۔

یاد رہے کہ ابوظہبی میں آئل ٹینکروں پر حوثی باغیوں کے گزشتہ ہفتے کئے جانے والے ڈرون حملے میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved