سعودی عرب کاپاکستان کیساتھ قیدیوں کی منتقلی کا معاہدہ

26  جنوری‬‮  2022

سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی کی منظوری دے دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی کابینہ نے عالمی جہاز رانی، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی پھر مذمت کی ہے جبکہ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔سعودی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کے معاہدے، جرائم کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے، نشہ آور اشیا کے غیرقانونی کاروبار کے انسداد میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودوں کی منظوری دیدی۔

رپورٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو کرونا وباء کے بعد پہلی مرتبہ کابینہ کے باقاعدہ اجلاس میں شرکت کی اور اس کی صدارت بھی کی۔کابینہ نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کی خاطر حوثیوں کی جارحانہ سرگرمیوں کو روکنے کیلئے حرکت میں آنا ہوگا۔

قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے مختلف سطحوں پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا، یمنی بھائیوں کی مدد کیلئے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی انسانی خدمات کے حوالے سے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ مملکت نے براہ راست سرمایہ کاری کے سلسلے میں تعاون کیلئے کویت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دیدی، کابینہ نے مختلف ملکوں کے ساتھ منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے انسداد میں تعاون کے معاہدے کیلئے مسودے کی منظوری بھی دی۔

سعودی عرب کی کابینہ نے ملک میں سیاحت کے فروغ کی حکمت عملی پر گفتگو کی۔ اراکین نے ملکی وزارتوں اور ایجنسیوں میں نئی بھرتیوں کی بھی مںظوری دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved