امریکی صدر کی تیسری عالمی جنگ اور روسی صدر پر سنگین پابندیوں کی دھمکی

26  جنوری‬‮  2022

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن کے خلاف فوجی کاروائی کی تو یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑی جنگ ثابت ہو گی۔

امریکی صدر کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ روس کے ساتھ تصادم کی صورت میں یورپی ممالک کو روس کی جانب سے سپلائی کی جانے والی گیس کی فراہمی معطل کئے جانے کے پیش نظر متبادل انتظامات پر غور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ سے لے کر ایشیا اور امریکہ تک، ہم دنیا کے مختلف علاقوں سے غیر روسی قدرتی گیس کے اضافی حجم کی نشاندہی کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس کی یوکرائن پر ہرزہ سرائی کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے، اور یہ حملہ دنیا کو بدل کر رکھ دے گا۔

ایک صحافی کے سوال پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ماسکو کے ساتھ تصادم کی صورت میں روسی صدر پیوٹن پر ذاتی پابندیاں بھی لگائی جا سکتی ہیں، میں اس معاملے کو خود دیکھوں گا۔

امریکی صدرنے کہا کہ نیٹو اتحادیوں کی سلامتی اور مفادات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اگر روس نے یوکرائن کی سرحد سے فوجیں نہ ہٹائیں، تو ہم بھی فیصلہ کریں گے کہ ہم نے اپنی افواج کہاں کہاں تعینات کرنی ہیں۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا ردعمل میں کہنا تھا کہ مجھ پر پابندی عائد کرنے سے مغربی ممالک کو کوئی فائدہ تو نہیں پہنچے گا، لیکن اس کے سنگین اور مہلک اثرات ہوں گے۔

یاد رہے کہ امریکی حکام کے مطابق روس یوکرائن پر حملے کرنے کیلئے مشرقی یوکرین میں تربیت یافتہ فوجی گروپس بھیج چکا ہے، جبکہ روس نے واشنگٹن کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved