وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول اور مریم کا اتنا قد نہیں کہ انہیں قومی لیڈر کہا جائے، بلاول کراچی میئر کا الیکشن لڑیں، یہ ملک ان لیڈروں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
آج جہلم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ ملک بہت عظیم ہے، بلاول اور مریم کو چاہیے کہ دونوں نیچے سے اوپر آئیں، ابھی سیاست میں یہ دونوں بھولے ہیں، ملک ان کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ان دونوں کا اتنا قد نہیں کہ انہیں قومی لیڈر کہا جائے، کیونکہ ان کی سیاست کا انحصار مولانا فضل الرحمٰن کے مدرسوں کے بچوں پر ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سینیٹ میں (ن) لیگ اورپیپلزپارٹی کو نام نہاد اکثریت حاصل تھی انہیں وہاں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، اپوزیشن کی کوئی پالیسی نہیں ہے، یہ ایوان میں کچھ اور باہر کچھ اورکہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کوئی سیاسی مخالفین نہیں، ہم اپنے ووٹر کو جوابدہ ہیں اس لئے پی ٹی آئی کا ووٹر ہی ہمیں پالیسی کے متعلق ڈکٹیٹ کرےگا۔
فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن بونوں پر مشتمل ہے، ان کی عزت پہلے ہی کم ہے اب مزید کم نہ ہو جائے۔ شہباز شریف اور مریم نواز میں لڑائی جاری ہے جبکہ پیپلز پارٹی میں بھی استحکام نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی عمران خان کے سامنے ڈھیر ہیں۔
بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاک افواج نے مادر وطن کیلئے جانوں کی قربانیاں دیں۔ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہو گی اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے۔
پاکستان توڑنے کی بات کرنے والوں کو واضح پیغام جانا چاہیے کہ پاکستانی تاقیامت رہنے کیلئے بنا ہے۔ اور نا ہی ہم خون کا ایک قطرہ بھی رائیگاں جانے دینگے۔ ریاست خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی۔ فواد چوہدری@fawadchaudhry pic.twitter.com/q3UcXD3ll5
— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) January 29, 2022
انہوں نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور ہم نے معیشت کو بہتر کیا، جبکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا برا حال کیا اور اسحاق ڈار اینڈ کمپنی نے بھی ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔ ہماری صنعتیں آج بحال ہیں اور اب ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔