پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر فائرنگ سے پادری ولیم سراج ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق زخمی شخص کی شناخت پیٹریاک کےنام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گلبہار تھانے کی حدود میں رنگ روڈ کے قریب پیش آیا، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ہلاک ہونے والے ولیم سراج چمکنی تھانے کی حدود میں واقع ایک چرچ میں پادری تھے۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق واقعے میں 2 حملہ آور ملوث تھے، جس میں اقلیتی برادری کے افراد کو نشانہ بنایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک دہشت گردی کی کارروائی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔