بیجنگ سرمائی اولمپکس کو ناکام بنانے کیلئے امریکہ کی جانب سے کھلاڑیوں کو رشوت دینے کا انکشاف

30  جنوری‬‮  2022

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کو ناکام بنانے اور تخریب کاری کیلئے کھلاڑیوں کو رشوت دے رہا ہے۔

امریکی جریدے دی ہل کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ بیجنگ سرما اولمپکس کی تخریب کاری کیلئے بڑی سازش کھیلی جارہی ہے۔ امریکہ اولمپکس میں حصہ  لینے والے کھلاڑیوں سست روی اور مردہ دلی سے کھیلنے کیلئے رشوت دے رہا ہے۔

چینی جریدے ڈیلی چائنہ کی رپورٹ کے مطابق  بیجنگ سرمائی اولمپکس میں مختلف ممالک سے حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو امریکہ  رشوت کے ذریعے خرید کر انہیں کھیل میں شریک نہ ہونے یا بری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے مجبور کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کھلاڑیوں سے یہ بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اولمپکس کے دوران میڈیا کے ساتھ گفتگو میں چینی حکومت پر تنقید کریں۔

چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے کی صورت میں کھلاڑیوں کو ان کا نام صیغہ راز میں رکھنے، ان کی ساکھ محفوظ رکھنے اور انہیں بھاری معاوضہ دینے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ نے بیجنگ سرمائی  اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے بھی بیجنگ اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کا گذشتہ مہینے ایک تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ دنیا میں طاقت کے نئے بلاکس بن رہے ہیں، چین اور امریکہ میں سرد جنگ بھی ہو رہی ہے، لیکن پاکستان کسی تنازع میں فریق نہیں بنے گا۔

وزیراعظم عمران خان 3 فروری کو بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریبات میں شرکت کیلئے چین جائیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved