پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے بطور اپوزیشن لیڈر مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں نے بطور اپوزیشن لیڈراپنا استعفی پارٹی کو جمع کروا دیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بل پر ووٹنگ کے دوران 30منٹ کیلئے سینیٹ اجلاس ملتوی کیاگیا، لگتا ہے جیسے چیئرمین سینیٹ حکومت کی سہولت کاری کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ کو ووٹ دینا پڑا، چیئرمین سینیٹ کو ووٹ نہیں دینا چاہیے تھا۔یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ آدھی رات کو سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کرنا مناسب نہیں تھا، ایجنڈے میں یہ بھی نہیں لکھا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا بل پیش کیاجائےگا، اتنےاہم ایجنڈا کے لیے موقع ملنا چاہیے تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملکی لیول کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن نہیں لیا گیا، بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں تاکہ وہاں بحث ہو۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین اور اسپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہوتے ہیں،حکومت کے نہیں، 27 جنوری کو ایجنڈا میرے اسٹاف کو رات 11 بج کر 50 منٹ اور میرے گھر1 بجے پہنچا۔