بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ مسترد کر دیا

31  جنوری‬‮  2022

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ کے قائد حزب اختلاف کے عہدے سے یوسف رضا گیلانی کا استعفی قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جمہوریت کیلئے خدمات جمہوریت پسندوں کیلئے ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کے نمائندگان خود کا احتساب کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی اور عوام کی خدمت کے جرم میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ انہوں نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ مسترد کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کے حوالے سے متعصبانہ کردار پر افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت سے ملی بھگت کرکے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کو منظور کروایا۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی سینیٹ سے ایک ووٹ کی اکثریت سے منظوری کے بعد سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو حکومت کا پس پردہ ساتھ دینے کے الزامات کا سامنا تھا، جس کے بعد انہوں نے آج سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بل پاس کرنے میں دھاندلی ہوئی ہے، جس پر میں نے احتجاجاً  اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو بھجوا دیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved