اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا ہے کہ میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہے کہ جلد خطے کے تمام ممالک اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے معاہدہ ابراہیم میں شامل ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی صدر 2 روزہ سرکاری دورے پر 30 جنوری کو متحدہ عرب امارات پہنچے۔ ابوظہبی پہنچنے پر اماراتی وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے اسرائیلی صدر کا استقبال کیا۔
بعدازاں اسرائیلی صدر نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اور ریاست ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک میں نئی اور اہم شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سوموار کے روز اسرائیلی صدر نے دبئی ایکسپو میں اسرائیلی پویلین کا دورہ کیا۔ اس دوران دبئی ایکسپو میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔
دبئی ایکسپو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ میں امید اور یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ خطے کے دیگر ممالک جلد متحدہ عرب امارات کی پیروی کرتے ہوئے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امارات کا معاہدہ ابراہیم میں شامل ہونا یاک تاریخی فیصلہ ہے، جلد دیگر ممالک بھی اس میں شامل ہوں گے۔
یادرہے کہ متحدہ عرب امارات نے اور بحرین نے 2020ء میں امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کے معاہدوں پر دستخط کئے تھے، جسے معاہدہ ابراہیم کا نام دیا گیا تھا۔ معاہدے کے بعد ان ممالک نے اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لئے تھے۔ گذشتہ برس اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی کیا تھا جو کسی بھی اسرائیلی سربراہ کا امارات کا پہلا دورہ تھا۔