پاکستان امن کا خواہشن مند ہے لیکن وہ بھارت کے کسی بھی جارحانہ منصوبے کا منہ توڑ جواب دے گا، منیر اکرم

19  اکتوبر‬‮  2021

پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے وران کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن کا خواہشن مند ہے لیکن وہ بھارت کے کسی بھی جارحانہ منصوبے کا منہ توڑ جواب دے گا۔

اقوام متحدہ۔19اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کو بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال اوراس کے باعث علاقائی امن و سلامتی کو درپیش خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں کشیدگی میں کمی لانے اور جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہدایات پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی اورانتباہ کیا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے جعلی سرچ آپریشنزاور جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت مسلسل کشمیریوں کا قتل عام ،جبری اور غیرقانونی گرفتاریاں اور انسانیت کے خلاف جرائم جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ متنازعہ علاقے میں سب سے بڑے آپریشنز کے دوران جھوٹے الزامات پر 1400 سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرنا بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی تازہ ترین مثال ہے۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سیکرٹری جنرل کی توجہ بھارتی وزیر داخلہ کےاس قابل مذمت بیان کی طرف مبذول کرائی جس میں پاکستان کے خلاف نام نہاد ’’سرجیکل سٹرائیکس ‘‘ کی دھمکی دی گئی تھی۔انہوں نے سرحد پر دراندازی کے بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جارحیت کے لیے ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن کا خواہشن مند ہے لیکن وہ بھارت کے کسی بھی جارحانہ منصوبے کا منہ توڑ جواب دے گا۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان خطرناک تصادم کے امکانات سے بچنے ، کشیدگی کو کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے کوششیں کرنے کا عہد کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved