ٹی ٹی پی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، اب جنگ ہوگی، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، شیخ رشید

4  فروری‬‮  2022

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، اب جنگ ہوگی، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

سینٹ کی قائمہ برائے داخلہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی سرحد پر باڑ لگانے میں کچھ حصہ رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باڑ لگانے میں  20 کلومیٹر رہتا ہے ، اشرف غنی کے چیلے پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان  میں بھارتی ایجنسی را  موجود ہے ، را پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ، را کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت چئیرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے کی ، اجلاس کا آغاز پنجگور اور نوشکی میں شہید ہونیوالے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کیلئے دعائے مغفرت سے کیا گیا۔

شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کمیٹی ایک لیٹر بھی جاری کرے گی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اجلاس میں شرکت کی اور کمیٹی کو بریفنگ دی۔

انہوں نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے شروع میں طالبان نے بات چیت کی تھی ، طالبان نے کوشش کی کہ کالعدم  ٹی ٹی پی کے لوگ پاکستان کے ساتھ معاملات طے کریں مگر مذکارات آگے نہیں چل سکے۔شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم  ٹی ٹی پی کی شرائط ایسی تھیں جو نہیں مانی جاسکتی تھیں ، افغانستان کے بارڈر ایریاز میں یہ لوگ موجود ہیں ، کالعدم  ٹی ٹی پی کے بہت سے گروپ شاید اکٹھے بھی ہوئے جبکہ 2 دہشتگرد اسلام آباد میں مارے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب پھر ہمارا وفد بات چیت کے لیےگیا ہے مگر اطلاعات ہیں کہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے، اب کالعدم ٹی ٹی پی سے جنگ ہو گی، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved