وفاقی حکومت نے ڈی آئی خان میں سٹی میئر کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں جے یو آئی کے امیدوار کو اپنی شکست یقینی نظر آ رہی تھی کہ ایسے میں تحریک انصاف کے امیدوار کو نااہل قرار دے دیا گیا۔
عمر امین گنڈاپور کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریںنگے، واضع طور پرDIKمیں مولانا فضل الرحمن کو شکست کا سامنا تھا ایسے میں تحریک انصاف کے امیدوار کو نااھل قرار دے دیا گیا اور وہ بھی اس گراؤنڈ پر کہ ان کا بھائ انتخابی مہم کیوں چلا رہا ہے،ایسے فیصلے الیکشن کمیشن کو متنازعہ بناتے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 7, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین کو صرف اس لئے نااہل قرار دیا کہ ان کا بھائی علی امین گنڈا پور ان کی انتخابی مہم کیوں چلا رہا ہے، ایسے فیصلے الیکشن کمیشن کو متنازع بناتے ہیں۔
یاد رہے کہ آج الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ڈی آئی خان کے سٹی میئر کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دیا تھا، علاوہ ازیں الیکشن کمیشن بکا خیل بنوں سے بھی پی ٹی آئی امیدوار مامون رشید کو نااہل قرار دے چکا ہے۔