اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ابھی تو کچن میں سامان اکٹھا ہو رہا ہے، کچھ پک کر سامنے آئے تو فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج ایم کیو ایم کے وفد نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان کا کہنا تھا کہ ہم چوہدری شجاعت کی مزاج پرسی کیلئے آئے تھے، وفاقی حکومت میں ہم دونوں جماعتیں ساتھ ہیں، جب بھی ہمیں کوئی گلے شکوے ہوتے ہیں تو مل کر ساتھ چلتے ہیں۔رہنماء ایم کیو ایم نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہیں، آئندہ کا فیصلہ بھی ق لیگ اور اتحادیوں کی مشاورت کے ساتھ کریں گے، سیاست میں کوئی سہولت کاری نہیں ہوتی، سب کو ایک دوسرے سے مل کر چلنا چاہیے، ایم کیو ایم نے کسی کو باہر نہیں بھیجا یہ ریاست اور حکومت کا کام ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ بلدیاتی قانون کا معاملہ چل رہا ہے، جس پر ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کا جواب خود دے گی، ابھی باورچی خانے میں سامان اکٹھا ہورہا ہے کوئی چیز پک کر سامنے تو آنے دیں، جب کوئی چیز پک کر سامنے آئے گی پھر بتائیں گے اور فیصلہ کریں گے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ابھی حکومت کے دو سال رہتے ہیں حکومت گرانے یا عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، مل کر عوام کیلئے آواز بلند کرتے ہیں۔