وزیراعظم عمران خان کی بیجنگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کی عکاس ہے، چین

9  فروری‬‮  2022

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بیجنگ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کی عکاس ہے۔

بیجنگ – (اے پی پی): چین نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کو بھرپور طریقے سے سراہا ہے اور کہا ہے کہ چینی شائقین کی جانب سے پاکستانی وزیراعظم اور وفد کا پرتپاک استقبال ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں دوستی لوہے کی طرح مستحکم ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاؤ لیجیان نے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی بریفنگ کے دوران بدھ کو پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی جانب سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا پرزور خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نےایتھلٹس پریڈ کے دوران وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کے حوالے سے کہا کہ اس سے ایک بار پھر ظاہر ہوتا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی کی جڑیں عوام کے دلوں میں گہری ہیں اور اسے دونوں عوام کی حمایت حاصل ہے۔

زاؤ لیجیان نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں پاکستانی ایتھلٹس کا حصہ لینا اور پاکستان کے مختلف سماجی شعبوں کی جانب سے بیجنگ گیمز کی بھرپور حمایت دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی شاندار روایات کے مطابق ہے اور اس سے پاکستان کے اولمپک جذبے کو مزید بڑھانے اور اولمپک جوش و جذبے کے عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب نے دنیا کو چین اور چینی ثقافت کو دکھایا، یہ ہماری کوششوں کا حصہ ہے کہ ہم دنیا کو محفوظ اور شاندار کھیل فراہم کریں اور یہ تقریب سب کے لیے مشترکہ مستقبل کے قیام کے فلسفے کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022ء دوستی کے مزید پل بنانے اور چین اور پاکستان سمیت تمام ممالک کے درمیان تعاون کا ایک پلیٹ فارم بنانے میں مدد کرے گا اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نہ تقریب کو والہانہ انداز میں سراہا گیا بلکہ پاکستانی وفد اور ایتھلٹ کا بھی والہانہ استقبال کیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved