لاڑکانہ سینٹرل جیل میں پولیس نے 7 اہلکاروں کی رہائی کیلئے قیدیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے گزشتہ ہفتے قیدی محمد علی کھوکھر کو لاڑکانہ جیل سے شکار پور جیل منتقل کر دیا تھا، جس پر قیدیوں نے جیل میں شدید احتجاج کیا۔ بعد ازاں قیدیوں نے شدید احتجاج کے بعد 7 پولیس اہلکاروں کو بیرکوں میں بند کر دیا۔
پولیس کے طویل مذاکرات کے بعد قیدیوں نے پہلے پانچ پھر باقی دو اہلکاروں کو بھی رہا کر دیا۔ پولیس نے اپنے 7 اہلکاروں کی رہائی کیلئے قیدیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے تھے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد علی نوڈیرو تھانے میں 2012ء سے قتل کے مقدمے میں نامزد ہے، یہ مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت ہے، جس کی آئندہ سماعت 19 فروری کو ہو گی۔
جیل ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ محمد علی کھوکھر کو نقص امن کے خدشات کے پیش نظر جیکب آباد جیل منتقل کیا گیا، قیدیوں کا گروہ غیر قانونی سہولیات واپس لئے جانے پر برہم ہے، محمد علی کی واپسی کا مطالبہ صرف احتجاج کا بہانہ ہے۔