بلوچستان کے علاقوں پسنی اور خضدار میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 گرفتار کر لئے گئے ہیں، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمدکر لیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پسنی میں آپریشن 12 اور 13 فروری کی درمیانی شب کیا۔ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی پر دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور بلا اشتعال اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
دہشت گردوں کی بلا اشتعال فائرنگ کا سیکیورٹی فورسز نے بھرپور مقابلہ کیا، اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرف بالاچ ہلاک ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کمانڈر گوادر اور پسنی میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور حملوں میں ملوث تھا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نےبلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران 2دہشت گردوں نیاز اور محمدجان کو چھوٹی مشین گن سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اوران کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن جاری رہےگا، بلوچستان میں امن اور ترقی کا عمل سبوتاژنہیں ہونےدیں گے۔