پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، وزیراعظم

14  فروری‬‮  2022

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت اور علاقائی رابطے کے فروغ اور سکیورٹی معاملات کے حل کیلئے مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سرحد امن و دوستی کی سرحد ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): آج وزیراعظم ہاؤس میں ایران کے وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم نے خاص طور پر تجارت اور علاقائی رابطہ کیلئے قریبی دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے سرحد کے دونوں جانب رہنے والے لوگوں کی معاشی ترقی کے لئے سرحدی منڈیوں کی جلد تکمیل اور انہیں فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے اور انہوں نے سکیورٹی معاملات کے حل کیلئے مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل کے لئے بھرپور حمایت پر ایرانی حکومت اور سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے حوالے سے دونوں ممالک کے یکساں مؤقف پربھی اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی بدحالی کو روکنے اور عملی اقدامات میں اضافہ، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے عالمی برادری کی طرف سے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ایران کے صدر رئیسی کے دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی نے وزیراعظم کو ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایران کی خواہش کا اعادہ کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved