حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

22  اکتوبر‬‮  2021

کورونا ایس او پیز میں نرمی کے بعد بڑی تعداد میں عمرہ زائرین کی حرم شریف آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد آج سماجی فاصلے کے بغیر معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت جاری کردی۔انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔شیخ السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے نمازیوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ وبا آخری مراحل میں ہے اور اب حرمین شریفین میں نماز باجماعت معمول کے مطابق بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی جارہی ہے۔ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ نے حرمین کے انتظامی امور سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کے سربراہوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے مزید 50 دروزاے آج کھول دیے جائیں گے، اور 4 ہزار سے زائد مرد و خواتین کارکنوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے حرم مکہ آنے والوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے اور درجہ حرارت چیک کرنے والے تھرمل کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
حرم شریف آنے والوں کے لیے مختلف مقام پر 50 ہزار سے زائد آب زم زم کی بوتلوں کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved