بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کا لاؤڈ اسپیکر سے اذان پر پابندی کا مطالبہ، مسجد کے سامنے گانے بجانے کیلئے سپیکر رکھ دئیے

16  فروری‬‮  2022

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندو انتہا پسندوں نے لاؤڈ اسپیکر سے اذان پر پابندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام میں ہندو انتہا پسند تنظیم نے مسجد سے لاؤڈ اسپیکر پر اذان دئیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے تھانے میں درخواست دائر کر دی ہے۔ ہندو انتہا پسندوں نے تھانے میں درخواست کے ساتھ مسجد کے سامنے بڑے لاؤڈ اسپیکر بھی لا کر رکھ دئیے ہیں، اور کہا ہے کہ جب جب یہاں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دی جائے گی، ہم یہاں اسپیکر پر گانے بجائیں گے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں ایک نوجوان کہہ رہا ہے کہ ہم نے راوتی مسجد میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان کے خلاف تھانے میں درخواست دی ہے، لیکن اس کے باوجود مسجد سے لاؤڈ اسپیکر پر اذان دئیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، اب ہم نے خود اس کا حل نکال لیا ہے۔ نوجوان کا کہنا تھا کہ ہم نے مسجد کے ساتھ عمارت میں لاؤڈ اسپیکر لگا دئیے ہیں، آئندہ جب بھی مسجد سے اذان دی جائے گی، ہم یہاں سے اسپیکر بجائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو 31 جنوری 2022ء کی ہے، اس سے ایک روز قبل  آر ایس ایس سے وابستہ ہندو  تنظیم نے رتلام ضلع کے راوتی پولیس اسٹیشن میں لاؤڈ اسپیکر سے اذان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس کی کاروائی

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے پولیس نے متعلقہ گاؤں جا کر مسجد انتظامیہ کو اذان کیلئے لاؤڈ اسپیکر استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رتلام کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ہندو انتہا پسند تنظیمیں لاؤڈ اسپیکر سے اذان پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے، اس کے خلاف تھانوں میں شکایات درج کرا رہی ہیں، اور ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر اذان پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ رواں مہینے بھارتی ریاست کرناٹک اور مدھیہ پردیش کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی مسلمان طالبات کے حجاب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ امریکی جریدے نیویار ک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہندو انتہا پسند دیگر اقلیتوں کیلئے زمین تنگ کر رہے ہیں، ان کی عبادت گاہوں پر حملوں کیساتھ انہیں جبراً ہندو مذہب اختیار کرنے پر بھی مجبور کیا جا رہا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved