شہباز شریف نے جہانگیر ترین سے خفیہ ملاقات کی، جس میں قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پر تعان مانگ لیا۔
مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع نے شہباز شریف کی جہانگیر ترین سے ملاقات کی تصدیق کردی ہے تاہم جہانگیر ترین کی جانب سے اس بارے میں تصدیق یا تردید سے گریز کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جہانگیر ترین سے ملاقات چند دن قبل ہوئی تھی، جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔(ن) لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ملاقات ڈیڑھ گھنٹے سے زائد جاری رہی، دونوں سے مستقبل میں بھی سیاسی روابط بحال رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے جہانگیر ترین سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کےلیے باضابطہ حمایت مانگی۔جہانگیر ترین نے ملاقات میں عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت سے متعلق کوئی واضح جواب نہیں دیا۔شہباز شریف کو جہانگیر ترین نے کہا کہ وہ عدم اعتماد سمیت سیاسی فیصلے اپنے گروپ کی مشاورت سے کریں گے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے حکومتی اتحادیوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔چند روز قبل شہباز شریف نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی تھی لیکن وہ ملاقات بارآور ثابت نہ ہوسکی۔