بیلجیئم کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج بیلجیئم کی وزیر دفاع اور بیلجئیم مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیلجیئم کی وزیر دفاع مسز لودوائن دیدوندر ، چیف آف ڈیفنس ایڈمرل مائیکل ہوفمین اور لینڈ کمپونینٹ کے چیف آف سٹاف میجر جنرل پئیر جیرارڈ سے ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں دونوں فریقین نے علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر پاکستانی آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بیلجیئم کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دونوں فریقوں نے خاص طور پر دفاعی پیداوار، تربیت، انسداد دہشتگردی اور انٹیلیجنس کے شعبوں میں ملٹری ٹو ملٹری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔
بیلجئیم رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو بھی سراہا اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کی بھر پور خواہش کا اعادہ کیا ۔
یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ بیلجیئم کی حکومت کی دعوت پر گزشتہ روز یورپین دارالحکومت برسلز پہنچے تھے ۔