وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے صحافی محسن بیگ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے محسن بیگ کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج کر کے انہیں ڈیوٹی مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں پیش کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن بیگ پر بغری لائسنس اسلحہ رکھنے کا مقدمہ 19 فروری کو ہفتے کے روز درج کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے عدالت کے روبرو بتایا ہے کہ محسن بیگ کے پاس موجود اسلحے کا لائسنس نہیں تھا، جس کے باعث ان کے خلاف ناجائز اسلحے کا مقدمہ درج کیا گیاہے، عدالت نے ملزم کو بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کے مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ میں جیل بھیج دیا ہے۔
یاد رہے کہ محسن بیگ پہلے ہی دہشتگردی کے مقدمے میں گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں، انہیں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔