اپنی ضعیف العمر ماں کو پڑوسیوں کے پاس قابل رحم حالت میں دیکھ کر تین بھائیوں نے اپنی بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی
عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق الجزائر میں تین بھائی اپنی نوکریوں سے واپس لوٹے تو اپنی ضعیف العمر ماں کو قابل رحم حالت میں پڑوسیوں کے پاس پایا، جو اسے نہلا رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں بیٹوں کو ماں کی حالت پہ بہت رحم آیا اور انہوں نے اپنی بیویوں سے ماں کی خدمت نہ کرنے کی وجہ پوچھی، تو نوبت بحث کے بعد جھگڑے پر پہنچ گئی۔
بیویوں کے اس رویے پر تینوں بھائیوں نے ایک ساتھ اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔
مقامی پولیس نے میڈیا نمائندوں کو بتایا ہے کہ تین بہوؤں کے ہوتے ہوئے خدمت کیلئے ماں کی بیٹی آیا کرتی تھی، لیکن بیٹی کے شوہر کو کینسر ہونے کے باعث وہ ایک ہفتے سے نہ آ سکی۔ بہن کے مشکل وقت کے باعث بھائیوں نے اپنی بیویوں کو کہا کہ ماں کو نہلا کے صاف کپڑے پہنا دینا، لیکن بیویوں نے ماں کو نہلانے کیلئے پڑوسیوں کے حوالے کیا اور خود اپنے اپنے کمروں میں جاکر سو گئیں۔ تینوں بیٹے اپنی ماں کیساتھ ناروا سلوک کو برداشت نہ کر سکے، اور انہوں نے انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔