روس کی ایٹمی ہتھیاروں سے لیس فوجی مشقیں، نیٹو ممالک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

20  فروری‬‮  2022

روس کی اسٹریٹجک نیوکلیئر فورسز نے صدر ولادی میر پیوٹن کی نگرانی میں جوہری ہتھیاروں پر مبنی فوجی مشقیں کی ہیں۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی فورسز نے فوجی مشقوں کے دوران سمندر میں ایٹمی صلاحیت کے حامل ہائپرسونک اور کروز میزائلوں  کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ روسی صدر نے بیلاروس کے رہنماء الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ اسکرینوں پر  براہ راست مشقوں کا مشاہدہ کیا، اور عسکری قیادت کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

امریکی ادارے نے یوکرائن کی سرحد پر روسی فوجیوں کی مشقوں اور نقل و حرکت کی سیٹلائیٹ تصاویر جاری کی ہیں، جس میں یوکرائن کی سرحد پر روس کے جنگی ہیلی کاپٹر ، ٹینکوں،  بکتر بند  عسکری گاڑیوں اور پرسنل کیریئرز کو دکھایا گیا ہے۔

روس کی جانب سے بڑے پیمانے پر جنگی مشقوں نے نیٹو ممالک کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور مغربی ممالک نے روسی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ روس کے اقدامات دنیا بھر میں تشویش کو جنم دے رہے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ روس کی جانب  یوکرائن کی سرحد سے فوجیں ہٹانے کی بات صرف بیان کی حد تک ہے، ماسکو نے دراصل یوکرائن کی سرحد پر فوجوں میں اضافہ کیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں اب بھی یقین ہے کہ روس جلد یوکرائن پر حملہ کر دے گا۔

یاد رہے کہ روس کی یوکرائن کو نیٹو اتحاد میں شامل کرنے اور دیگر سیکیورٹی امور کے باعث امریکہ اور نیٹو ممالک کیساتھ شدید کشیدگی پائی جاتی ہے، جس کے باعث امریکہ، برطانیہ اور جرمنی نے یوکرائن میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved