وزیراعظم عمران خان نے آج وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ٹی ایل پی کے احتجاج کے متعلق گفتگو کی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نورالحق قادری اور وزیرداخلہ شیخ رشید کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد پیر امین الحق قادری کراچی سے جبکہ شیخ رشید اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ ہیں۔
تمام وزراء کے لاہور پہنچنے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومت کا مشترکہ وفد ٹی ایل پی قیادت سے مذاکرات کرے گا۔
وفاقی وززیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے مختلف علمائے کرام سے ٹیلفونک رابطے کئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، عوام کی مال و جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نے کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سے پولیس فورس مانگ لی ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ کے ان حکومتوں کے نام مراسلے میں انہیں 10،10 ہزار پولیس کی نفری بھیجنے کا کہا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹی ایل پی نے مطالبات تسلیم نہ کئے جانے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔