تصاویر – سعودی یوم تاسیس کا دوسرا روز، 3500 فنکاروں پر مشتمل ثقافتی تقریب مرکز نگاہ

23  فروری‬‮  2022

سعودی عرب میں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی سہہ روزہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے 1727ء میں پہلی سعودی ریاست کے قیام کی مناسبت سے ہر سال 22 فروری کو یوم تاسیس منانے کا اعلان کیا ہے۔ رواں برس پہلے یوم تاسیس کے موقع پر سہہ روزہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جو 22 تا 24 فروری تک جاری رہیں گی۔

خلیجی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں سعودی تاریخ اور ثقافت پر مشتمل مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جس میں سے متعدد تقریبات نے عالمی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرائی۔

عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بننے والی تقریبات میں سر فہرست وادی نمر کے ایک تھیٹر میں منعقدہ آغاز نامی تقریب تھی، جس میں 3500 فنکاروں نے حصہ لیا۔

ان فنکاروں نے رزمیہ نظم گانے کیساتھ اپنے مخصوص انداز میں مملکت کی تین صدیوں پر محیط تاریخ بیان کی۔ تقریب میں وزیر کامرس، وزیر اطلاعات اور میئر ریاض نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں صدیوں پرانی تصاویر کے ذریعے فنکاروں نے مملکت کا ایسا تاریخی نقشہ کھینچا کہ کوئی بھی داد دئیے بغیر نہ رہ سکا۔ اس تقریب میں شرکاء نے روائیتی ملبوسات زیب تن کئے،  جبکہ مہمانوں نے آمد کیلئے سعودی عرب کی تاریخی سواری اونٹ کا استعمال کیا۔ سعودی رسم و رواج اور روایتی سعودی کافی کی خوشبو کے ساتھ مختلف ثقافتی رنگ بھی پیش کئے گئے۔

وادی نمر میں ہی یوم تاسیس کی خوشی میں زبردست آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ریاض کے قومی عجائب گھر میں سعودی ثقافت پر مشتمل مجلس  پروگرام  منعقد کیا گیا، جس میں متعدد ورکشاپس اور مباحثے شامل ہیں جو پہلی سعودی ریاست کے ثقافتی پہلوؤں کو دستاویزی شکل میں ڈھال کر تیار کئے گئے ہیں۔

سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں تیل کے کنوؤں کےبالمقابل کیمل کلب اور کنگ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر کےاشتراک سے ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں دنیاکے 20 مہنگے ترین اونٹوں سمیت متعدد اونٹوں نے پرفارمنس کا مظاہر کیا۔ اس موقع پر مانع المریدی کی تیار کردہ تصاویر 7 ہزار شرکاء کے سامنے دکھائی گئیں۔

اس دوران پہلی سعودی مملکت سے تیسری مملکت کےقیام اور اس دوران ریاست کے جھنڈے اونٹوں پر لہرائے گئے اور پرجوش اشعار اور نغمے پیش کئے گئے۔

تقریب میں روائتی لباسوں میں شریک تمام بوڑھے اور جوان سب پرجوش تھے، خواتین برقعے اور شیلہ میں تھیں جب کہ بچوں نے روایتی محنق  پہن رکھا تھا۔

دارالحکومت ریاض سمیت مملکت کے مختلف علاقوں میں زبردست آتش بازی اور لائٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔

جدہ میں پاکستانی کمیونٹی  کی جانب سے بھی  یوم تاسیس کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور فورم کے ذمہ دران نے شرکت کی اور سعودی بھائیوں سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

پیر کے روز عوامی استغاثہ کے زیراہتمام  ایک تقریب میں سعودی مملکت کے اولین بانی امام محمد بن سعود کی آغازکردہ سعودی معاشرے کی مذہبی اور قانونی بنیادوں پرروشنی ڈالی گئی۔

شہزادی نورہ بنت عبدالرحمٰن یونیورسٹی کے لاکالج کی ڈین ڈاکٹر مہا المطلق نے یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب میں سعودی مملکت کے قیام اور تاریخ پر مفصل روشنی ڈالی، اور مملکت کے مستقبل میں خواتین کے بڑے کردار کے متعلق بھی تفصیلی گفتگو کی۔

ملک بھر کے تمام بڑے شہروں کی شاہراہوں کو قومی پرچم سے مزین کر دیا گیا، ملک کی بڑی عمارتوں اور گھروں پر بھی قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔

یوم تاسیس کے موقع پر مردوں، خواتین اور بچوں میں بھی زبردست جوش و خروش نظر آیا، اور ہر کسی نے روائیتی اور قدیم لباس زیب تن کر رکھے تھے۔

سہہ روزہ تقریبات میں سے ایک بڑی تقریب 24   فروری کی شام دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گی، جس میں آتش بازی، فضائی ڈرون شو کےساتھ ایک بڑے  لائٹ شو سے آسمان کو سجا دیاجائے گا۔

یاد رہے کہ یوم تاسیس کے سلسلے میں سہہ روزہ تقریبات 24 فروی 2022ء تک جاری رہیں گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved