اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کے در پر ماری ماری پھر رہی ہیں، حسان خاور

24  فروری‬‮  2022

پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ گزشتہ تین سال کی طرح آئندہ بھی حکومت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی منظر نامے سے غائب ہوتی غیر متحدہ اپوزیشن واپسی کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نمبرز پورے ہونے کی دعویدار اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کے در پر ماری ماری پھر رہی ہیں اگر نمبر گیم پوری ہوتی تو اپوزیشن لانگ مارچ کینسل کر کے فوراً تحریک عدم اعتماد لاتی۔

حسان خاور نے کہا کہ چوہدری برادران وضعدار سیاست دان ہیں، تمام جماعتوں سے انکی ملاقاتیں معمول کی بات ہیں، اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کو کچھ آفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔انکا کہنا ہے کہ ن لیگ 1997 میں بھی ق لیگ کی مدد سے الیکشن جیت کر ان کو دھوکہ دے چکی ہے، جہانگیر ترین گروپ گزشتہ تین سال کی طرح آئندہ بھی حکومت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔حسان خاور نے کہا کہ فی الوقت جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ ایسا کوئی اختلاف نہیں جو حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہو، پیچیدہ سیاسی معاملات میں آپسی اختلاف کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ان اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کے لیے کام کیا جائے، اس سلسلے میں حکومت کا ٹریک ریکارڈ اپوزیشن سے ہزار درجے بہتر ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی حسان خاور نے مزید کہا کہ تین سال میں اپوزیشن کا اتفاق رائے نہ بن سکا اور حکومت عوامی خدمت میں لگی رہی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved