دفاع کیلئے تیار ہیں،روس کے سامنے سرنڈر نہیں کریں گے، یوکرینی صدر

24  فروری‬‮  2022

یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اپنے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہیں، روس کے سامنے کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے۔

آج قوم سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا ہماری روس کی فوج کیساتھ مختلف علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔ انہوں نے قوم سے عہد کیا کہ ہم اپنے دفاع کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، کسی صورت روس کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

یوکرینی صدر کا کہنا تھا ملکی صورتحال پر کنٹرول قائم رکھنے کیلئے ملک میں مارشل لاء نافذ کیا گیا ہے، اس موقع پر انہوں نے روس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ قبل ازیں یوکرینی صدرکا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ یوکرین میں روس کی فوجی کاروائی یورپ کیساتھ بڑی جنگ کا نقطہ آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر یوکرینی صدر نے روسی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کریں اور یوکرین پر روسی جارحیت کو مسترد کرنے کا پیغام دیں، کیونکہ روسی حکومت اپنے شہریوں سے جھوٹ بول رہی ہے، اور انہیں حقائق سے بے خبر رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تنازع کے پرامن حل کیلئے روسی صدر سے کئی بار رابطہ کیا، لیکن ماسکو پر خاموشی چھائی رہی۔

یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن سے رابطہ کیا ہے، اور انہوں زمینی حقائق اور روس کی فوجی کاروائی کے بعد کے حالات سے آگاہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی یوکرین کے وزیر دفاع نے اپنی افواج کو روس کیساتھ جنگ کیلئے تیار رہنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس جنگ میں ہماری فتح یقینی ہے۔

واضح  رہے کہ آج روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں فوجی کاروائی کی ہے، جس میں یوکرین کے ائیر بیسز، ائیر ڈیفنس سسٹم اور فوجی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین نے روسی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved