دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے، داسو ڈیم پر کام دوبارہ سےشروع

24  اکتوبر‬‮  2021

چین کی تعمیراتی کمپنی گیزوبہ نے داسو ڈیم پروجیکٹ پر 25 اکتوبر 2021ء سے کام کا دوباہ آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کو مرحلہ وار کام پہ بلا لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چینی کمپنی نے حکومت پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 25 اکتوبر سے داسو ڈیم پروجیکٹ پر کام کا دوبارہ آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چینی کمپنی کے مطابق تمام چینی انجینئرز اور غیر ملکی سٹاف داسو ڈیم کی سائٹ پر پہنچ گئے ہیں اور داسو ڈیم پر کام کرنے والے تمام پاکستانی ورکرز کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔ گیزوبہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانی ملازمین کو کالز کرکے آگاہ کر دیا گیا ہے اور انہیں کورونا ٹیسٹ اور ویکسی نیشن کارڈز ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عارف خان یوسفزئی نے بھی داسو ڈیم پر 25 اکتوبر سے دوبارہ کام کے آغاز کی تصدیق کی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ 14 جولائی 2021ء کے سانحے میں جاں بحق ہونے والے چینی انجینئر کے لواحقین کو 1.2 ملین جبکہ زخمیوں کو 1.4 ملین ڈالر معاوضہ دیا گیا ہے، اور کمپنی کو بھی لاکھوں ڈالر ادا کئے گئے ہیں، جس کے بعد اب سیکیورٹی کےسخت انتظامات میں ڈیم پر کام دوبارہ شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ رواں برس 14 جولائی کو اپرکوہستان میں داسو ڈیم کے ملازمین کی بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں13 افراد جاں بحق جبکہ 39 افراد زخمی ہوگئے تھے، مرنے والوں میں 9 چائنیز  اور 2 مقامی مزدور بھی شامل تھے، حادثے کے بعد سے داسو ڈیم پر کام بند کردیا گیا تھا اور تحقیقات میں لاہور کے جوہر ٹاؤن دھماکے اور داسو ڈیم حملے کی کڑیاں آپس میں ملنے لگیں، تحقیقات کے بعد حکومت نے بتایا کہ داسو اور جوہر ٹاؤن حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ملوث ہے اور یہ عناصر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے، بدامنی پھیلانے  کے ساتھ پاک چین دوستی اور سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved