چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی چوہدری برادران سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آج لاہور میں چوہدری برادران سے ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر محمد عبدالقادر، سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی، سینیٹر احمد خان، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر کہدہ بابر، صوبائی وزیر نور محمد اور شاہ زل شامل جبکہ سینیٹر کامل علی آغا اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب کی نظریں آپ پر لگی ہوئی ہیں، برائے مہربانی خیال رکھیے گا، آپ منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، امید ہے موجودہ حالات میں کوئی بہتر راستہ نکال لیں گے۔
اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے معنی خیز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، ہم پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ ملاقاتیں سیاسی عمل کا حصہ ہیں، یہ جاری رہیں گی۔پرویز الہٰی نے چیئرمین سینیٹ کو کہا کہ جمہوری حکومت کا حق ہے کہ اسے عوام کی خدمت کیلئے دیا گیا عرصہ پورا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی اچھے لگتے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے چوہدری برادران سے حالیہ ملاقاتوں میں تحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون مانگا تھا، جس کیلئے چوہدری برادران نے پارٹی قیادت سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا تھا۔