نیٹو ممالک کے جارحانہ بیانات کے بعدروس نے ایٹمی ہتھیاروں کی فورس کو ہائی الرٹ کر دیا

27  فروری‬‮  2022

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے فوج کی جوہری تنصیبات رکھنے والی فورس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو ممالک کی جانب سے روس پر پابندیوں اور جارحانہ بیانات کے بعد پیوٹن نے فوج کو حکم جاری کیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس یونٹ کو ہائی الرٹ کر دیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر نے یہ احکامات ملک کی اعلیٰ سطحی قیادت کی میٹنگ میں مشاورت کے بعد جاری کئے ہیں۔

روسی صدر نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کے رکن ممالک کی جانب روس کیخلاف  جارحانہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے، اسی لئے میں نے وزیردفاع اور آرمی چیف کو نیوکلیئر فورس کو ہائی الرٹ پر رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکہ کے سفیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ روس کا یہ فیصلہ اس تنازع میں روس کے کردار کو ناقابل قبول حد تک بڑھا دے گا۔ یوکرین کے وزیر خارجہ دمیترو کولیبا نے کہا ہے کہ پیوٹن نے اگر جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے احکامات جاری کئے تو دنیا تباہ ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ امریکہ، برطانیہ اور جرمنی سمیت متعدد نیٹو ممالک نے روس پر معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، علاوہ ازیں امریکہ اور دیگر ممالک نے یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس پر روس نے سخت تنقید کی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved