عالمی ادارہ صحت کی پولیو کیخلاف حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف

27  فروری‬‮  2022

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)  کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالہ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا خوش آئند ہے۔

کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال راولپنڈی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو پولیو فری ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پولیو کے خاتمے کیلئےجو نمایاں اقدامات کئے ہیں،  وہ قابل تعریف ہیں، گزشتہ سال پاکستان میں پولیو کا ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا جو خوش آئند بات ہے۔

ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالہ نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلائیں اور آپ کے گھر آنے والی ہماری ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ اس موقع پر انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ رواں  برس کی پولیو مہم پاکستان کو پولیو سے نجات کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ سال 2022ء کی پاکستان کی پہلی پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

یاد رہے کہ رواں مہینے عالمی ادارہ صحت نے کورونا کیخلاف بھی حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved