حکومت نے عوام پر بجلی بم گرانے کی تیاری کر لی ہے، نیپرا نےبجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 5 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے جس سے قوم پر 50 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 6 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی۔
چئیرمین نیپرا نے پوچھا کہ جنوری میں ایل این جی کم جبکہ ڈیزل اور فرنس آئل زیادہ استعمال کیوں ہوا؟۔ حکام نے جواب دیا کہ طلب کے مقابلے میں ایل این جی کی دستیابی بہت ہی کم تھی۔نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں 5 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں بجلی صارفین پر 58 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک حکام پر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ نیپرا نے دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی کی قیمت میں 3 روپے 9 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا تھا۔