روس نے تیسری عالمی اور ایٹمی جنگ کی دھمکی دے دی

2  مارچ‬‮  2022

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لارؤف نے خبردار کیا ہے کہ تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، جو ایٹمی جنگ ہو گی۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کی جانب سے روس پر پابندیوں، جارحانہ بیانات اور دہرے معیار پر عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے یوکرین کی حمایت کرنے والے مغربی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یوکرین کی جانب سے ایٹمی ہتھیار استعمال کئے گئے تو تیسری عالمی جنگ چھڑ جائے گی، اور یہ ایٹمی جنگ ہو گی، جو سب کیلئے تباہ کن ثابت ہو گی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیاء نے روس کا مقابلہ کرنے کیلئے یوکرین کو جوہری ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، اس فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر ایٹمی ہتھیار استعمال ہوئے تو یوکرین کی سلامتی کا سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

روسی وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کی جانب سے روس پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے ردعمل میں کہا کہ ماسکو ان پابندیوں کا سامنا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ روسی ایتھلیٹس، کھلاڑیوں، صحافیوں اور نمائندوں کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ روس یوکرین جنگ آج ساتویں روز میں داخل ہو چکی ہے، دونوں ممالک کے مابین دو روز قبل  بیلا روس کی سرحد پر مذاکرات شروع ہوئے تھے،جس میں یوکرین نے روس سے فوری طور پر سیز فائر کا مطالبہ کیا تھا۔ روسی افواج یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں داخل ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب یوکرین پر جارحیت کرنے کے باعث مغربی ممالک نے روسی صدر، تاجروں، بینکوں، کمپنیوں، اداروں اور متعدد شخصیات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved