پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ نے تحریک عدم اعتماد کے متعلق کہا ہے کہ اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے، کچھ تو نکلے گا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماء چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے بہترین اقدامات کئے ہیں، پٹرول اور بجلی کی قیمتوں سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
ایک صحافی نے چوہدری پرویز الہیٰ سے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم کے نام آپ کا بھی یہی پیغام ہے کہ گھبرانا نہیں ہے؟ جس پر چوہدری پرویز الہیٰ نے جواب دیا کہ وہ بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔
تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کی کوششوں پر انہوں نے کہا کہ ہانڈی میں سامان چلا گیا، دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابال آتا ہے، پہلا ابال آ جائے پھر آپ کو اس کے متعلق بتائیں گے۔
ایک صحافی نے چوہدری پرویز الہیٰ سے سوال کیا کہ کیا تحریک عدم اعتماد سے کچھ نکلے گا؟ اس پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے، کچھ تو نکلے گا۔
یاد رہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان (ق) لیگ کی قیادت سے ملاقات کرکے ان سے تحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون مانگ چکے ہیں۔